• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کا دورہ پاک سعودی تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے ہے، بلال اکبر

جدہ (شاہدنعیم) سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم وقت پر ہو رہا ہے-یہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں اور وسعت لائے گا۔یہ دورہ ہماری دوستی اور بھائی چارے کو مزید گہرا کرے گا، بطور سفیر عہدہ سنبھالنے کے بعد ایک انٹرویو میں بلال اکبر کا کہنا تھا کہ دونوں ملک اس وزٹ کو بڑی خوشی سے انگیج کر رہے ہیں۔ امید ہے دورے کے حوالے سے دونوں ممالک حتمی اعلامیہ جاری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات ہیں۔ اس حوالے سے دونوں ملکوں کے رہنما ایک دوسرے کے دورے کرتے ہیں اور یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سفیر پاکستان نے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو ’سعودی پیس سپرنگ‘ کا نام دیا۔ سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی اہم وقت ہے جس میں سعودی عرب علاقے میں اہم انیشیٹو لے رہا ہے۔ وہ اپنے ہمسایوں اور ارد گرد کے خطے میں دوستی اور امن کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔دوسری جانب لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) بلال اکبر نے کمیونٹی کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے۔ سفارت خانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اپنے پیغام میں بلال اکبر نے کہا ہے کہ بطور سفیر سب سے اہم اور بنیادی مقصد اور ترجیح تمام تارکین کے مسائل کا حل ہے، وہ خاص لیبر طبقہ جس سے وابستہ افراد کو سفارت خانے تک پہنچنے میں مشکلات پیش آتی ہیں یا کسی وجہ سے ان کی آواز ہم تک نہیں پہنچ پاتی، ان کے مسائل کو جاننا اور ان کے مسائل حل کرنا میرے لیے سب سے اہم ہے۔

تازہ ترین