• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم آپکی نااہل حکومت نے عوام کو بھنور میں دھکیل دیا،مرتضیٰ وہاب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ "وزیر اعظم صاحب سب بہتر نہیں ہے آپ کی نااہل حکومت نے عوام کو بھنور میں دھکیل دیا ہے"، گزشتہ ایک سال میں گندم میں 19 فیصد، مرغی 85فیصد، دودھ 13 فیصد اور ٹماٹر کی قیمت میں60فیصد اضافہ ہوا ہے، 3سال میں وفاقی حکومت میں صرف ایک شخص نے بہترین کام کیا ہے اور وہ شخص وزیر اعظم کا فوٹو گرافر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہیلی کاپٹر میں سفر کرتے ہیں اب وہ سڑک پر سفر کرنے لگے ہیں اور آج پہلی بار وہ بازار میں نکلے تو ان کی ویڈیو اور تصاویر میں کوئی خریدار نظر نہیں آیا اس کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں ایک تو یہ کہ مہنگائی بہت ہے اور لوگ خریداری نہیں کرسکتے یا دوسری وجہ یہ کہ کسی کو بازار میں آنے ہی نہ دیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وزیر اعظم سے پریشان ہے۔ گزشتہ ایک سال میں گندم میں 19 فیصد، مرغی 85 فیصد، دودھ 13 فیصد اور ٹماٹر کی قیمت میں60 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس نااہل حکومت نے امپورٹ کوڈبل اور ایکسپورٹ کو کم کردیا ہے۔

تازہ ترین