اسلام آباد( نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گذشتہ روز ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور این ڈی ایم اے اور این سی او سی کی طرف سے فراہم کئے جانے والے 20 جدید وینٹی لیٹرز کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کوئی ایمرجنسی صورتحال پیدا ہوئی تو ہولی فیملی ہسپتال کو کورونا ہسپتال میں منتقل کر دیا جائے گا۔
کورونا وارڈ کا افتتاح وزیراعظم سے کرائیں گے، ہولی فیملی ہسپتال ایک ہزار بستروں پر مشتمل ایک پرانا ہسپتال ہے ، میری پیدائش بھی اسی ہسپتال میں ہوئی۔
دریں اثناء وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت نادرا امور کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں چئیرمین نادرا کی طرف سے اوور سیز پاکستانیوں کو دی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ نے ہدیات کی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ، پاکستان کی پوری آبادی کو جلد از جلد رجسٹر کیا جائے۔
ای ویزہ کی طرز پر آن لائن سہولیات کو مزید فروغ دیا جائے اوربیرون ملک سفارت خانوں میں عملے کو سروسز سے متعلق تربیت دی جائے ، وراثت نامے کی دستاویز جاری کرنے کی سہولت کو مزید وسعت دی جائے گی ۔