• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوکیو، حریت رہنما اشرف صحرائی کی وفات پر بھارتی سفارتخانہ کے سامنے احتجاج کا اعلان

کشمیر یکجہتی کونسل جاپان کی جانب سے حریت رہنما اشرف صحرائی کی وفات پر بھارتی سفارتخانہ ٹوکیو کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔

کشمیر یکجہتی کونسل جاپان کے چیئرمین شاہد مجید ایڈووکیٹ نے سینئر رہنما اور چیئرمین تحریک حریت جموں و کشمیر محمد اشرف صحرائی (جو جموں جیل میں طبی امداد نہ ملنے کے باعث انتقال کر گئے ہیں) کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

جاپان کے دالحکومت ٹوکیو سے جاری بیان میں شاہد مجید ایڈوکیٹ کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کے ساتھ بھارت کے ناروا رویئے کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا اشرف صحرائی کو جیل میں میڈیکل سہولتوں کی عدم فراہمی اور مناسب صحت افزاء ماحول نہ ہونے کی وجہ سے ان کی جان گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اشرف صحرائی ایک عظیم کشمیری حریت رہنما تھے جن کے عزم کو قید و بند کی صعبتیں بھی متزلزل نہ کرسکیں، بھارتی جیل میں ان کی وفات پر جاپان کی کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کو بہت دکھ ہے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا ہے کہ بھارتی جیلوں میں تمام کشمیری قیدیوں کی فوری رہا کیا جائے، انہوں نے مزید کہا ہے ٹوکیو میں ایمرجنسی کے خاتمے کے بعد کشمیری برادری ٹوکیو میں بھارتی سفیر کو یاداشت پیش کرے گی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں قید کشمیری قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سنیئر کشمیری حریت رہنما اشرف صحرائی جو قید کے دوران متعدد بیماریوں میں مبتلا تھے، بھارتی حکومت کے قبضہ جموں کے علاقے کی ایک جیل میں علاج معالجے کی عدم سہولتوں کے باعث انتقال کر گیے تھے۔

تازہ ترین