• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ جنگ دو ہفتوں میں ختم ہو رہی ہے، اسرائیلی اخبار کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو غزہ میں جنگ ختم کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی اخبار ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی جنگ انتہائی تیزی سے دو ہفتوں میں ختم ہونے جا رہی ہے۔

اخبار کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ایران پر امریکی حملے کے بعد پیر کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا اور اس رابطے میں ہی ٹرمپ اور نیتن یاہو غزہ میں جنگ فوری بند کرنے پر متفق ہوئے ہیں۔

بات چیت میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور اسرائیلی وزیر رون ڈیرمر بھی شریک ہوئے۔

ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا ہے کہ گفتگو میں متحدہ عرب امارات اور مصر سمیت 4 عرب ممالک کے حماس کی جگہ غزہ کا انتظام سنبھالنے پر اتفاق کیا گیا۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس کو غزہ کی پٹی سے نکال کر جلا وطن کیا جائے گا اور تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔

اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جو فلسطینی غزہ چھوڑنا چاہیں گے ان کو دوسری ریاست پہنچایا جائے گا اور انہیں مختلف ملکوں میں بسایا جائے گا۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق ٹرمپ نیتن یاہو فون کال میں سعودی عرب اور شام کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے پر بھی بات ہوئی۔

ٹائمز آف اسرائیل نے لکھا ہے کہ سعودی عرب اور شام اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کریں گے، دیگر عرب اور مسلمان ملک بھی ایسا ہی کریں گے۔

اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب شام کے سفارتی تعلقات کے جواب میں اسرائیل دو ریاستی حل کی حمایت کرے گا، دو ریاستی حل کی اسرائیلی حمایت کے لیے فلسطینی اتھارٹی کی اصلاحات کی شرط رکھی گئی ہے۔

اسرائیلی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے مغربی کنارے کے کچھ حصوں پر اسرائیلی خودمختاری کو تسلیم کیا جائے گا۔

ادھر غزہ پر اسرائیلی حملوں میں صبح سے مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔

مغربی کنارے کے شہر رام اللّٰہ میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے میں 3 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023ء کے بعد اسرائیلی حملوں میں 56 ہزار 259 فلسطینی شہید، 1 لاکھ 32 ہزار 458 زخمی ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید