• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوشکا اور ویرات کا کورونا کیخلاف جنگ میں دو کروڑ روپے کا عطیہ

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ اداکارہ انوشکا شرما نے کورونا وبا کے خلاف جنگ میں دو کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے۔ دونوں نے جمعہ کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں سماجی خدمت کی تنظیم کیٹو کے ساتھ وابستہ اوربھارت کی کورونا کے خلاف لڑائی میں مدد کرنے کے لئے رقم جمع کرنے والی مہم میں دو کروڑ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ویرات کوہلی نے کہا کہ بھارت کے لئے چیزیں بہت مشکل ہیں، کیونکہ ہم وبا سے لڑ رہے ہیں۔ سچ میں اپنے ملک کو اس طرح سے مشکلات سے لڑتےہوئے دیکھنا کافی تکلیف دہ ہے۔ ہم ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جو ہمارے لئے شب و روز لڑتے رہے۔ ان کی لگن قابل ستائش ہے، لیکن اب ہمارے تعاون کی ضرورت ہے اور ہمیں ان کے حق میں کھڑا ہونا چاہیے، اس لئے انوشکا اور میں نے کیٹو پر ایک فنڈ ریزر مہم شروع کی ہے، جس کے تحت جمع ہوا فنڈ اے سی ٹی گرانٹس میں جائے گا۔ویرات کوہلی نے مزید کہا کہ ہم آپ تمام سے اس پہل میں شامل ہونے اور عطیہ دینے کی درخواست کرتے ہیں۔ چھوٹی سی مدد بھی اہم ہوتی ہے۔ ہمارے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں کے لئے یہ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے ہونے کا وقت ہے۔ ہم مل کر اس وبا کو ہرائیں گے، ہم اس جنگ میں جیت سکتے ہیں اورہم اس جنگ میں ایک ساتھ ہیں۔

دل لگی سے مزید