• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب ریفرنس الف لیلیٰ کی داستان کے علاوہ کچھ نہیں: احسن اقبال

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا، نیب کے ریفرنس الف لیلیٰ کی داستان کے علاوہ کچھ نہیں۔

احسن اقبال نے مسلم لیگ نون کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، رانا ثناء اللّٰہ اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نون لیگ کی کارکر دگی کا مقابلہ نہیں کر سکتے، شہباز شریف کو پنجاب میں مثالی ترقی کی سزا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا تمسخر اڑایا گیا، ایف آئی اے فیصلے پر عمل درآمد کی پابند تھی مگر شہباز شریف کو روکا گیا، یہ لوگ پاکستان کو سلطنت بنانا چاہتے ہیں، جو ہم بننے نہیں دیں گے۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل،خواجہ سعد رفیق پر کیس ردی ثابت ہوئے، رانا ثناء اللّٰہ پر بنایا گیا کیس دنیا میں لطیفہ بن گیا، حسن عباسی پر حکومت نے ناجائز کیس بنایا۔

احسن اقبال نے کہا کہ جتنے کیس بن چکے ایک ایک کر کے عدالت سے بوگس ثابت ہو رہے ہیں، شہزاد اکبر ججز کو بتا رہے ہیں کہ آپ کس طرح کا فیصلہ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت صرف کردار کشی کر رہی ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ طاقتور لوگوں کو پکڑنا ہے، ہم طاقتور ہوتے تو جیلوں میں نہ جاتے۔

نون لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ طاقتور وہ ہیں جو آٹا، چینی، ایل این جی اور ادویات چوری کریں، طاقتور عمران خان کی اے ٹی ایم ہیں۔

تازہ ترین