وزیر مملکت اطلاعا ت و نشریات میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ایک بھائی پچاس روپے کا اسٹامپ پیپر پر ضمانت لے کر ڈیڑھ سال سے بیرونِ ملک بھاگا ہوا ہے، اب یہ نہیں ہوسکتا جس بھائی نے ضمانت دی اسے بھی بھاگنے دیا جائے، شہباز شریف شریف خاندان کا وہ طوطا ہے جس میں ان کی کرپشن کی جان ہے۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ اس پوری کوشش میں ہے کہ شہباز شریف بیرون ملک عید کرنے کا اپنا ریکارڈ برقرار رکھیں۔
انھوں نے کہا کہ ان کو لندن کی یاد تب آتی ہے جب ان کا اقتدار ختم ہوجاتا ہے اور بیماری کا بہانہ کر کے بیرون ملک بھاگ جاتے ہیں۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ پورا ملک جانتا ہے کہ شریف خاندان جب اقتدار میں آیا تو ان کے کتنے اثاثے تھے اور جب 2018 ء میں اقتدار ختم ہوا تو اربوں کھربوں کے اثاثے کیسے بنے؟۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف ملک میں کرپشن کا بیج بونے والے ہیں، انہوں نے منی لانڈرنگ کے ورلڈ ریکارڈ قائم کئے ہیں۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ان کی چوری پکڑی جا چکی ہے جو لوگ کبھی لندن گئے نہیں ان کے ناموں سے ان کے اکاونٹ میں رقوم منتقل ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی کرپشن کا کوئی ایک کیس نہیں جس میں یہ بری ہوئے ہیں اب انہیں علاج کے نام پر بھاگنے نہیں دیں گے۔ شہباز شریف کی عید پاکستان میں ہی ہوگی۔