اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نےالزام لگایا ہے کہ سلطنت عمرانیہ کا چاپلوس ٹولہ پہلے بھی نواز شریف اور مریم نواز کی جاسوسی کرتا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداری کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے انہیں ’خادمہ جی‘ کہہ کر مخاطب کیا۔
انہوں نے کہا کہ خادمہ جی مرغی کےگوشت نے 4 سنچریاں حکومتی سرپرستی میں کراس کرلیں، چینی مافیا کے بعد اب مرغی مافیا بھی حکومت سے طاقتور ہوگیا ہے۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہاکہ جو کام کرنے کا ہے وہ آپ سے ہوتا نہیں ہے، آپ کام کے نہ کاج کے دشمن اناج کے۔
اُن کا کہنا تھاکہ اگر ہماری نشاندہی پر بھی آپ کو ہوش نہ آئے تو اقتدار کی کرسی چھوڑ دیں، سلطنت عمرانیہ میں ایک سے بڑھ کر ایک چاپلوس اور خوشامدی موجود ہے۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہاکہ عمران خان کے انڈرٹریننگ منشی کہتے ہیں شہباز شریف کو باہر نہیں جانے دیں گے، پہلے یہی ٹولہ نواز شریف اور مریم نواز کی جاسوسی کرتا رہا۔
انہوں نے کہاکہ آج شہباز شریف کو عدالت سے ریلیف ملنے پر پریشانی میں مبتلا ہے جبکہ عمران خان اپنے انجام کی فکر کریں۔
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ حکومت قومی احتساب بیورو (نیب)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی طرح عدالت کو بھی کنٹرول اور ڈکیٹ کرنا چاہتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ شریف فیملی اور مسلم لیگ ن نے چار سال انتقامی احتساب بھگت لیا، اب نئے پاکستان کے جعلی کاریگروں اور ڈینٹنگ، پینٹنگ کرنے والوں کی باری ہے۔