مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم نے مہنگائی، کورونا اور معاشی تباہی کے سبب رمضان المبارک کا مقدس ماہ اذیت میں گزارا۔
شہباز شریف نے لاہور میں پارٹی ارکان پارلیمان، ٹکٹ ہولڈرز اور بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مہنگائی کی طرح حکمرانوں کی بےحسی بھی تاریخ کے تمام رکارڈ توڑ گئی۔
انہوں نے کہاکہ قوم نے مہنگائی، کورونا اور معاشی تباہی کے سبب رمضان المبارک کا ماہ مقدس اذیت میں گزارا۔
ن لیگی صدر نے مزید کہاکہ کاش بلند و بانگ دعووں کے بجائے حکمران ریاست مدینہ والا طرز عمل اپناتے۔
اُن کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے کم آمدن والے نادار طبقات کی زندگی جہنم بنادی ہے، کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں بتدریج ہوشربا اضافہ ہورہا ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہاکہ بیورو آف شماریات کے اعداد و شمار گھمبیر صورتحال کی نشاندہی کررہے ہیں، حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی مل کر پاکستان کو شدید نقصان پہنچارہی ہے۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ نادار اور کمزور طبقات کا خاص خیال رکھیں، کورونا وبا سے عوام کے بچاؤ کے لئے اپنی سطح پر بھرپور کردار ادا کریں۔
ن لیگ کے صدر نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے جذبے اور سیاسی انتقام کا جرات سے مقابلہ کرنے کو سراہا۔