واشنگٹن(جنگ نیوز )امریکی بحریہ نے خلیج فارس میں ایرانی کشتیوں کو پیچھے دھکیلنے کے لیے انتباہی فائرنگ کی جس پر ایرانی کشتیاں واپس لوٹ گئیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی بحریہ نے خلیج فارس میں آبنائے ہرمز میں ایرانی کشتیوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے انتباہی فائرنگ کی، فائرنگ کے باعث ایرانی کشتیاں واپس لوٹ گئی۔ ایک ماہ میں امریکی بحریہ کا ایرانی کشتیوں پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔پنٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں پاسداران انقلاب کی 13 ایرانی کشتیاں میزائلوں سے لیس امریکی بحری جہاز یو ایس ایس مونٹیری سمیت دیگر امریکی بحری بیڑے سے صرف 137 میٹر نزدیک پہنچ گئی تھیں۔امریکی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ غیرمحفوظ اور غیر پیشہ ورانہ طریقے سے ایرانی کشتیوں کے حساس علاقے میں داخل ہونے پر وارننگ شاٹس فائر کیے جس کے بعد ایرانی کشتیاں واپس چلی گئیں۔