• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری نہ رکی، جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 36 ہوگئی


غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری نہ رکی، فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے، 13 بچے اور مزاحمتی تنظیموں کے کئی رہنما بھی شہداء میں شامل ہیں، ایک ہزار سے زائد افراد زخمی، درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بنادی گئی ہیں۔

حماس کی جانب سے بھی جواب میں راکٹوں کی برسات ہوئی جس کے نتیجے میں اشکیلون میں تیل کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، بس تباہ، تین اسرائیلی ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل کےشہر لد میں شدید کشیدگی جاری ہے اور یہودی شدت پسندوں نےکئی گاڑیوں کوآگ لگا دی ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے عین الوزہ میں بھی شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے مزید فضائی حملوں کے سبب 3 فلسطینی بچے شہید ہوگئے، اسرائیل نے وسطی غزہ میں ایک اور کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کونشانہ بنایا ہے۔

حماس کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ اسرائیل پر 110 میزائل داغے ہیں، تل ابیب کے بن گورین ایئرپورٹ اور دیگر علاقے ہدف تھے، یہ جوابی حملہ شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر کیا گیا ہے۔

اسرائیل کے شہری آبادی پر حملے سے متعلق غزہ کے رہائشی عمرالمصری نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل کی بیت حنون پر بمبادی جاری ہے، ہم نے اپنے گھر کی کھڑکیاں، دروازے بند کرلیے ہیں،اسرائیل فاسفورس بم برسا رہا ہے۔

عمرالمصری کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کا نشانہ مشرقی بیت حنون ہے۔

تازہ ترین