• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوال کا چاند نظر آ گیا ، آج پاکستان بھر میں عید ہوگی




شوال کا چاند نظر آنے کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں 13 مئی بروز جمعرات عید الفطر منانے کا اعلان کردیا۔

چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کیا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے طویل اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کا نے بتایا کہ ملک بھر سے شہادتیں موصول ہوئیں اور بہت سے مقامات پر مطلع ابر آلود تھا۔

انہوں نے بتایا کہ چمن، قلعہ سیف اللّٰہ، پسنی، پشاور اور سندھ سے شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد اتفاق سے طے پایا کہ یکم شوال المکرم 1442 ہجری 13 مئی 2021 بروز جمعرات کو ہوگی اور عیدالفطر کا دن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چمن اور پشاور کی زونل کمیٹی نے چاند نظر آنے کی شہادتوں کو موصول کیا اور تصدیق کے بعد فیصلہ کرکے ہمیں پہنچایا جس کے بعد ہم نے چاند کی رویت کے اعلان کا فیصلہ کیا۔

رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے کچھ علاقوں سے شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں، شہادتوں کی تصدیق کرنے کے بعد چاند کی رویت کا اعلان کیا گیا ہے اور فیصلے پر ارکان کے دستخط بھی لیے گئے ہیں۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا ، جو پانچ گھنٹے تک جاری رہا، مختلف حصوں سے  شواہد کی بنیاد پر شوال کے چاند کی رویت کااعلان کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی ، جس میں  ڈی جی ریسرچ وزارت مذہبی امور سید مشاہد حسین خا لد اور ڈائریکٹر حافظ عبد القدوس بھی شریک ہوئے ۔

ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے۔

دوسری جانب سعودی عرب اور امارات سمیت خلیجی ریاستوں میں گزشتہ روز چاند نظر نہیں آیا، وہاں عید کل منائی جائے گی۔ امریکا اور یورپ میں کیلنڈر کے تحت تہوار منانے والے بھی جمعرات ہی کو عید منائیں گے۔

تازہ ترین