• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کے دوران فورٹ منرو میں ژالہ باری، سیاحوں کا رش

ملتان (سٹاف رپورٹر) عید الفطر کے دوران جنوبی پنجاب کے پہاڑی و سیاحتی مقام "فورٹ منرو" میں کرونا وائرس کے باوجود سیاحوں کے رش میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا،عید کے دوسرے روز ڈیرہ غازیخان میں بارش اور فورٹ منرو میں بھی بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی،کورونا وائرس کی پابندیاں نظرانداز، ہزاروں گاڑیوں کے باعث ٹریفک بلاک سے سیاح پریشان، تیسرے روز بھی شام ہو تے ہیں موسم خوشگوار ہو گیا اور اس طرح خوبصورت موسم نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا، تفصیل کے مطابق عید کے دن سے ہی لوگوں نے فورٹ منرو کا رخ کیا، ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں فورٹ منرو پہنچنے پر ٹریفک بلاک ہوتی رہی، لوگوں کی آمد میں اضافے کے باعث ہوٹل مالکان کے وارے نیارے رہے، فورٹ منرو میں کھانے پینے کے عارضی سٹالز بھی لگے، ماہ رمضان کے بعد شہری عید الفطر کے موقع پرسیر و تفریح پر نکل گئے، زیادہ تر نے فورٹ منرو کا رخ کیا، کرونا وائرس کے باوجود ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، راجن پور، لیہّ، مظفر گڑھ، جام پور و دیگر علاقوں سے لوگ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ فورٹ منرو پہنچتے رہے اور موسم سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ عید کی خوشیاں بھی مناتے رہے۔  عید کے دوسرے روز ڈیرہ غازیخان میں بارش اور فورٹ منرو میں بھی بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی، لوگ عید کی خوشیوں کے ساتھ موسم سے لطف اندوز ہو تے رہے، تفصیل کے مطابق عید کے دوسرے روز شام ہوتے ہی ڈیرہ غازیخان اور سیاحتی/ صحت افزا مقام فورٹ منرو میں آسمان پر بادل چھا گئے اور کچھ دیر بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، فورٹ منرو میں موسلا دھار بارش کے بعد شدید ژالہ باری سے زمین سفید ہو گئی اور فورٹ منرو جانے والے سیاحوں نے موسم کو انجوائے کیا، ڈیرہ غازیخان میں بھی ابر رحمت سے شہری سڑکوں پر نکل آئے عید کے موقع پر موسم کی مناسبت سے لوگوں نے اپنے گھروں میں کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا اور رات گئے تک عوام کا سڑکوں پر رش نظر آیا، عید کے تیسرے روز بھی شام ہو تے ہیں موسم خوشگوار ہو گیا اور اس طرح خوبصورت موسم نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔

تازہ ترین