• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عیدالفطر کے اجتماعات میں فلسطینیوں کے قتل عام پر احتجاج

اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے) دنیا بھر کی وطن عزیز پاکستان میں فرزندان توحید نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے نمازعید الفطرکے مرکزی اجتماعات میں مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر ہونیوالے اسرائیلی فوج کے حملوں اور قتل عام کے خلاف پرزورصدائے احتجاج بلندکی،اس موقع پر قراردادوں کے ذریعے مسلم حکمرانوں اور عالمی تنظیمی او آئی سی،عرب لیگ،اقوام متحدہ اور حقوق بشر کے اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل کو دہشتگرد ملک قراردینے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور مظلوم فلسطینیوں کا بہیمانہ قتل عام بند کروائیں۔فقہ جعفریہ کا عید الفطر کا مرکزی اجتماع علی مسجد کے قریب میونسپل بوائز ہائی سکول کے گرائونڈ میں ہوا جہاں مفتی باسم عباس زاھری کی اقتداء میں نماز عید ادا کی گئی۔اس موقع پرخطبہ دیتے ہوئے انہوں نے عالم اسلام کے اتحاد کو مسلمانوں کے مصائب و آلام کے خاتمے ،مسائل کے حل اور اسلام دشمن قوتوں کی نابودی کا واحد حل قراردیا۔انہوں نے کہا کہ قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے بقول غزہ میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت پر خاموش مسلم حکمران اپنی باری کا انتظار کریں کیونکہ استعمار کسی کا یار نہیں بلکہ وہ ایک ایک کر کے سب کو نشانہ بنائے گا،قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسو ی کا خصوصی پیغام عید علامہ سید قمرحیدرزیدی نے پیش کیا جس میں حامد موسوی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور کمزوری کی وجہ سے قبلہ اول کی بازیابی تو درکنار یہودی درندوں نے فلسطین کو آگ کے شعلوں اور نہتے فلسطینیوں کوخون میں غرق کردیا ہے لہذا اس نازک صورتحال میں مسلم حکمران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری ہنگامی اجلاس طلب کریں اور مسلم امہ کے مسائل کے حل کیلئے او آئی سی کے تن مردہ میں جان ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ اگر تمام مسلمان ایکا کرلیں تو اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹایا جاسکتا ہے۔ملک بھر کی جامع مساجد اور کھلے مقامات پر عید اجتماعات میںفلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف احتجاجی قراردادیں منظور کی گئیں۔شیعہ جامع مسجد دربار سخی شاہ پیارا میں علامہ سید ابوالحسن تقی ،قصر ابوطالب مغل آباد میں علامہ سید محسن علی ہمدانی ،مرکزی امامبارگاہ قصر شبیر ڈھوک سیداں میں سید کاشف حسین کاظمی نے قرارداد کے ذریعے عالمی قوتوں پر واضح کیا کہ آزادی کی تحریک میں فلسطینی و کشمیری عوام تنہا نہیں بلکہ پورا عالم اسلام اور مظلوم اقوام انکی پشت پر ہیں لہذا عالمی ادارے اسرائیل کو نکیل ڈالیں ورنہ انکا وجود بلا جواز ہوگا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جامع مسجد قصر خدیجہ الکبریٰ ترلائی کلاں میں علامہ راجہ بشارت حسین امامی،قصر امام موسیٰ کاظم آئی ٹن میں علامہ سید تصورحسین نقوی،جامع مسجد جعفریہ آئی نائن میں علامہ سید زاہد عباس کاظمی،جامع مسجد اہلبیت واہ کینٹ میں علامہ سید حسین مقدسی،سپورٹس کمپلیکس لیاقت باغ میں علامہ زوار حسین مدنی،جامع مسجد ٹیکسلا میں علاوہ کرار حسین کاظمی،جامع مسجد قصر زینب میں علامہ قلب عباس بخاری،مسجد صاحب الالعصر و الزمان ہون علاقہ چونترہ میں مولانا ساجد حسین ہمدانی،مسجد جعفریہ چہان میں مولانا حسنین رضا جعفری نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور خطبا ت دیئے۔اس موقع پر کرونا کی وبا اورعالم اسلام کے مصائب و آلام کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تازہ ترین