قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق معاہدے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔
دوحا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قطری وزیراعظم نے کہا کہ یہ معاہدہ اسرائیلی قیدیوں کی رہائی اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں اضافے کا باعث بنے گا۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ ہم غزہ میں اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، غزہ میں جنگ بندی کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی کوشش کامیاب رہی۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل میں جنگ بندی کا اطلاق 19 جنوری سے ہوگا۔
قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی سے غزہ میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا۔ قطر، مصر اور امریکا نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کےلیے کی جانے والی ثالثی کی کوششیں کامیاب ہو گئی ہیں۔
غزہ جنگ بندی معاہدے کے اہم نکات سامنے آگئے، اسرائیل اور حماس کے معاہدے کے تحت جنگ بندی کا دورانیہ 6 ہفتوں پر محیط ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل ہر یرغمالی کے بدلے 30 فلسطینی قیدی رہا کرے گا، اسرائیل ہر خاتون فوجی قیدی کے بدلے 50 فلسطینی قیدی رہا کرے گا۔
معاہدے کے مطابق حماس 42 روزہ جنگ بندی کے دوران 33 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گی، پہلے مرحلے میں حماس 19 سال سے کم عمر یرغمالیوں کو رہا کرے گی۔
اسرائیل 7 اکتوبر 2023 کے بعد گرفتار 19 سال سے کم عمر افراد کو رہا کرے گا، اسرائیل مجموعی طور پر 1 ہزار 650 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔
معاہدے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج فیلے ڈیلفیا اور نیتساریم راہداریوں سے مکمل انخلا کرے، اسرائیل یومیہ 600 امدادی سامان سے لدے ٹرکوں کو غزہ پٹی میں داخلے اجازت دے گا۔
دوسرے مرحلے میں حماس فوجی یرغمالیوں کو رہا، اسرائیلی فوج غزہ پٹی سے مکمل انخلا کرے گی۔
ادھر حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان سے قبل ہی فلسطینی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور خوشیاں منانے لگے۔
465 دنوں سے اسرائیلی حملوں کا سامنا کرنے والے فلسطینی جنگ بندی کے معاہدے کے باضابطہ اعلان سے پہلے خان یونس میں بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
اس سے قبل امریکی میڈیا کا کہنا تھا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں فائر بندی اور مغویوں کے تبادلے کا معاہدہ ہوگیا۔
معاہدے کے نتیجے میں غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں میں وقفہ آئے گا، معاہدہ سے یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی مرحلہ وار رہائی عمل میں آئے گی، فائر بندی معاہدے پر اتوار سے عمل درآمد شروع ہونے کا امکان ہے، فائر بندی معاہدے پر عملدرآمد کے 16 ویں روز جنگ کے مکمل خاتمے کے لیے مذاکرات شروع ہوں گے۔