حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان سے قبل ہی فلسطینی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور خوشیاں منانے لگے۔
465 دنوں سے اسرائیلی حملوں کا سامنا کرنے والے فلسطینی جنگ بندی کے معاہدے کے باضابطہ اعلان سے پہلے خان یونس میں بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔
سوشل میڈیا پر لوگوں کے جشن منانے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جس میں نوجوانوں اور بچوں کو سڑکوں پر جھومتے اور خوشی میں نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ میں فائر بندی اور مغویوں کے تبادلے کا معاہدہ ہوگیا۔
معاہدے کے نتیجے میں غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں میں وقفہ آئے گا، معاہدہ سے یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی مرحلہ وار رہائی عمل میں آئے گی، فائر بندی معاہدے پر اتوار سے عمل درآمد شروع ہونے کا امکان ہے، فائر بندی معاہدے پر عملدرآمد کے 16 ویں روز جنگ کے مکمل خاتمے کے لیے مذاکرات شروع ہوں گے۔