سمندری طوفان تاؤتے کے پیشِ نظر صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں ماہی گیری کی سرگرمیوں پر رواں ماہ 20 مئی تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے جاری کیئے گئے ایک مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ماہی گیری سرگرمیوں پر پابندی ٹراپیکل سائیکلون کے باعث لگائی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے مقامی آبادی اور ماہی گیروں کے لیے حفاظتی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان تاؤتے کل کے مقابلے میں کراچی سے مزید قریب ہو گیا ہے، تاؤتے کراچی کے جنوب مشرق میں 1 ہزار 210 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کے مطابق سمندری طوفان تاؤتے کا رُخ مزید شمال مغرب کی جانب ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ طوفان شدت ضرور پکڑ رہا ہے، تاہم وہ پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور ہو کر گزرے گا۔