• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


سمندری طوفان تاؤتے کل کے مقابلے میں کراچی سے مزید قریب ہو گیا، تاؤتے کراچی کے جنوب مشرق میں 1 ہزار 210 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کے مطابق سمندری طوفان تاؤتے کا رخ مزید شمال مغرب کی جانب ہو رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طوفان شدت ضرور پکڑ رہا ہے، تاہم وہ پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور ہو کر گزرے گا۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کے مطابق دور ہونے کے باعث کراچی میں بارش کے امکانات کم ہو گئے، البتہ طوفان کی وجہ سے جنوب مشرقی سندھ میں بارش ہو سکتی ہے۔

سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں سمندری طوفان کے باعث گرد آلود تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 25 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، تاہم گرم ہواؤں کے باعث لو کی صورتِ حال رہے گی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث کراچی کا موسم کبھی گرم اور کبھی شدید گرم رہے گا، جبکہ شہر گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں رہے گا۔

ان کے مطابق آئندہ 2 روز تک کراچی کا موسم گرم اور شدید گرم رہ سکتا ہے، جبکہ زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 42 سے 43 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔


ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کے مرکز میں 130 سے 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ طوفان تاؤتے 18 مئی کو بھارتی شہر گجرات کے قریب سمندر میں پہنچے گا۔

واضح رہے کہ سمندری طوفان تاؤتے بھارتی ریاست گجرات کی جانب بڑھ رہا ہے، اس طوفان سے بھارت کی 6 ریاستیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے، طوفان سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔

تازہ ترین