کراچی(ٹی وی رپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر سندھ میں پانی کا بحران پیدا کرنے والی پی ٹی آئی حکومت نتائج کی ذمہ دار خود ہوگی۔پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں پانی کی منصفانہ تقسیم میں ناکامی پر وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے حصے کا پانی روکے جانے کی وجہ سے کراچی کیلئے پانی کی ترسیل انتہائی کم ہوچکی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی سفاکانہ پالیسی کی وجہ سے ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھرپارکر کو بھی پانی کی کمی کا سامنا ہے،رمضان کے بعد عید پر بھی سندھ کے حصے کا پانی مسلسل روک کر عمران خان کی حکومت نے سفاکیت کی انتہا کردی ہے، جان بوجھ کر سندھ میں پانی کا بحران پیدا کرنے والی پی ٹی آئی حکومت نتائج کی ذمہ دار خود ہوگی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان پانی روک کر سندھ کی زمینوں کو بنجر کرنے کی کوششوں کا سلسلہ بند کریں، خیبرپختونخواہ، پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت پورے پاکستان کو طے شدہ فارمولے کے تحت پانی ملنا ان کا حق ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چاولوں کی کاشت کے خاص سیزن میں سندھ کے پانی کو روکنے کے پیچھے کیا سوچ کارفرما ہے، عمران خان وضاحت کریں، ملک کو پہلے ہی کپاس کی فصل میں کمی کا سامنا ہے، ایسے میں بوائی کے موقع پر سندھ کا پانی بند کرنا ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے بھی تباہ کن ہوگا۔