• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج حکومت کیساتھ ہے،جمہوریت کیخلاف پکا راگ نہیں گایا جائیگا، شیخ رشید

اسلام آباد،کراچی (نمائندہ جنگ،ٹی وی رپورٹ) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان منتخب وزیراعظم ہیں ، فوج ان کے ساتھ ہے چھوٹی موٹی ٹک ، ٹخ لگی رہتی ہے ، ہلکی پھلکی موسیقی بھی ہوجاتی ہے مگرجمہوریت کیخلاف پکا راگ نہیں گایا جائے گا ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پریس کانفرنس اورانٹرویومیں کیا، اس سوال کہ پکا راگ جمہوریت کے خلاف ناں سہی حکومت کے خلاف تو گایا جاسکتا ہے کے جواب میںوزیر داخلہ نے کہا تین سال تو گزر گئے ہیں ایک سال کے بعد تو ویسے بھی الیکشن کمپین ہے اور لوگوں نے تو ابھی سے روڈ بھی بنانے شروع کردیئے ہیں ویسے بھی حکومت چار سال کی ہوتی ہے، باقی ایک سال تو اگلے الیکشن کے لئے ناراضگیاں ختم کرنے میں لگ جاتا ہے ، شیخ رشید نے اعتراف کیا کہ ہم دنیا بھر میں اپنا بیانیہ جس طرح پیش کرنا چاہئے تھا ویسے پیش نہیں کرسکے اب وقت ہے کہ ہم اپنی گورننس بہتر کریں ، انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے عمران خان کو سمجھنے میں غلطی کی ہے تاہم میں سمجھتا ہوں کہ شہباز شریف اپنے آپ کو الیکشن کیلئے محفوظ رکھنا چاہتا ہے ۔ شیخ رشید نے کہا مجھے بتایا گیا ہے کہ ایک دو چیزیں اور ملی ہیں اب فیصلہ لیگل ٹیم نے کرنا ہے کہ پرانا حدیبیہ ہی زندہ کرنا ہے ،لیگل پوائنٹ پر،ویسے اس کا فیصلہ اٹارنی جنرل ہی بہتر طو رپر کرسکیں گے ۔ اس سوال کہ بجٹ پاس کرنے میں کوئی مشکل پیش آئے گی کے جواب میں شیخ رشید نے کہا مجھے نہیں لگتا ، مجھے تو لگتا ہے کہ جہانگیر ترین کی پارٹی بھی ووٹ دے گی ۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ کو ایکسپوز کرنے کا کریڈٹ عمران خان کو جانا چاہئے او رعمران خان خانہ کعبہ سے واپس آتے ہوئے طیارے میں مجھ سے کہہ چکے تھے کہ وہ رنگ روڈ اسکینڈل کا نوٹس لیں گے اور یقین رکھیں ،عمران خان راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے ۔ شیخ رشیدنےکہاکہ جہانگیر ترین سے میری الیکشن کے دنوں میں ملاقات ہوئی تھی پھر نہیں ملا مگر ویسے ان سے ملاقات 5 سال سے نہیں اور ناں ہی کبھی ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میری خواہش اور سوچ ہے کہ جہانگیر ترین کوئی ایسا کام نہیں کرے گا جس سے عمران خان کو نقصان پہنچے ۔ انہوں نے کہا یہ بات بھی درست ہے کہ یوسف رضا گیلانی کو پی ٹی آئی کے اندر سے ہی لوگوں نے ووٹ دیئے ، عمران خان چاہیں تو ن لیگ کی سیاست آج ختم ہوسکتی ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ذمہ دار ادارہ ہے وہ کسی بھی جمہوری حکومت کو ختم نہیں کریں گے ، اس سوال کہ اسٹیبلشمنٹ سے 5 وزراء نے ملاقات کی ہے جو عثمان بزدار سے ناخوش ہیں، کے جواب میں شیخ رشید نے کہاکہ میں نے عمران خان سے یہ بات سنی ہے لیکن مجھ سمیت یہ سارے وزیر مل کر بھی عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے ،انہوں نےکہاکہ تحریک لبیک کے حوالے سے نوٹیفکیشن ایک دو روز میں ہوجائے گا اور کمیٹی تحریک لبیک کو بھی سنے گی اگر وہ اس میں پیش ہونا چاہے ۔

تازہ ترین