• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کیلئے بجٹ منظور کروانے میں مشکلات آئینگی،تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے پہلے سوال مسلم لیگ ن کے اس وقت سیاسی طور پر متحرک ہونے کی وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ حکومت کیلئے بجٹ منظور کروانے میں مشکلات آئیں گی، ووٹرز نے ن لیگ کے بیانیہ کو نہیں حکومت کے خلاف ووٹ دیا ہے۔منیب فاروق نے کہا کہ ن لیگ اور مریم نواز بیانات کے ذریعہ خود کو سیاسی طور پر متعلق رکھنا چاہتی ہیں، ن لیگ ضمنی انتخابات میں جیت کو اپنے بیانیہ کی فتح قرار دیتی ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے، ووٹرز نے ن لیگ کے بیانیہ کو نہیں حکومت کے خلاف ووٹ دیا ہے، شہباز شریف حکومت سے سیاسی لڑائی چاہتے ہیں مگر نواز شریف اور مریم نواز کا معاملہ مختلف ہے۔ منیب فاروق کا کہنا تھا کہ راولپنڈی رنگ روڈ الائمنٹ منصوبہ پر بہت بنیادی سوالات ہیں، اس منصوبے کا کون بینفشری ہے اور کون کس کا فرنٹ مین ہے اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے،مظہر عباس کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کیلئے اگلا پی ڈی ایم کا اجلاس اہم ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا ایک دوسرے کیلئے رویہ نرم ہوسکتا ہے، شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے موقف کی وجہ سے سیاسی صورتحال بہتر ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین