• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلامتی کونسل اسرائیل کیخلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کرے، منیر اکرم

اقوام متحدہ (اے پی پی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں پر ہونے والے حملوں کو روکنے اور اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی تحقیقات کے لیے اقدامات کرے، اسرائیلی بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 200 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور شہر کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز سلامتی کونسل کی اوپن وڈیو کانفرنس میں اسرائیل، فلسطین کے علاقہ غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی پر اپنے خطاب میں کہا کہ سلامتی کونسل القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت اور 1967سے قبل آزاد سرحدوں کے ساتھ قابل عمل اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے زریعے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین اور اسرائیل کے دو ریاستی حل پر مکمل نفاذ کو فروغ دے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پس منظر میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے چارٹر کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے فلسطینی شہریوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت، طاقت کے بے جا استعمال کو فوری طور پر روکنے ، فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرنے اور فلسطینی شہریوں کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کے حق ، مذہبی آزادی، آزادانہ نقل و حرکت اور پرامن اجتماع سمیت اسرائیل کو انسانی حقوق کے قوانین اور بین الاقوامی انسانی حقوق پر عملدرآمد کرنے کے لیے یقینی اقدامات کرے اور اسرائیل کو مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کرنے اور یہودی بستیوں سمیت غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات سے فوری روکے۔ منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان فلسطینی مقامات پر اسرائیلی بمباری اور بے جا طاقت کے استعمال کی مذمت کرتا ہے جس سے خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 200 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور شہر کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا ہے اور ہم اسرائیل کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران فلسطین کے مقدس مذہبی مقامات مسجد الاقصی اور حرم الشریف میں عبادت کرنے والے فلسطینی شہریوں کے خلاف کیے جانے والے منظم اور سوچے سمجھے حملوں ، مقدس مقامات کے تقدس کی پامالی، غیرقانونی یہودی بستیوں میں توسیع، فلسطینی شہریوں کو زبردستی ان کے گھروں سے نکالنے اور ان کے گھروں کو مسمار کرنے اور مقبوضہ بیت المقدس میں بین الاقوامی میڈیا ہائوسز اور صحافیوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں اور اسرائیل کے یہ اقدامات ناقابل قبول اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے جو خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے سنگین خطرات کا باعث ہے۔ پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد صرف حق خود ارادیت اور بیرونی قبضے کے خلاف ہے اور اسرائیلی جارحیت محصور اور نہتے فلسطینی عوام کے خلاف اور ایک ملک کی طرف سے فوجی طاقت کےغیر متناسب استعمال ، ظلم اور بے رحمی کا مظہرہے۔

تازہ ترین