• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکوم اقوام کیلئے بیگم نسیم کی جدوجہد جاری رہے گی‘ پشتون ایس ایف

کوئٹہ ( آئی این پی ) پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی بیان میں بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر ان کی قومی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ نے اپنی زندگی پشتونوں کی بقا کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ آپ نے ہر وقت صدائے حق بلند کرکے وقت کے ڈکٹیٹروں کو للکارا۔بیان میں کہا گیا کہ پشتون ایس ایف کا ہر کارکن بیگم نسیم ولی خان کے موقف کو اپناتے ہوئے ان کے افکار وخیالات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ ان کی وفات سے پشتون قومی تحریک اور عوامی نیشنل پارٹی میں پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہیں ہوسکے گا مگر انکے اپنائے اور بتائے ہوئے راستے پر جہد مسلسل کی یہ تحریک اپنی منزل مقصود تک ضرور پہنچے گی اور انکی کمی کو انکے خواب کی تعبیر سے پورا کرے گی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی رہنما کی حیثیت سے انکی قومی خدمات تاریخی اثاثہ رہیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے تمام زندگی فخر افغان باچاخان کے نظریات اور سوچ وفکر پر کاربند رہتے ہوئے محکوم اقوام اور بالخصوص پشتون قوم کے حقوق کیلئے سیاسی جدوجہد کی۔ استعمار مخالف جدوجہد میں انکے مزاحمتی کردار کی کمی ضرور محسوس ہوگی مگر یہ تحریک انکے نظریات، خواہشات اور خواب کے مطابق اپنے شد و مد کے ساتھ جاری رہے گی۔
تازہ ترین