• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ کو شہر بھر میں احتجاج ہوگا، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی( اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی اسرائیلی مظالم کے خلاف  اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعہ 21 مئی کو شہر بھر میں یوم احتجاج اور اتوار 23مئی کوشارع فیصل پر ”فلسطین مارچ“ کیا جائے گا ،  انہوں نے  عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کیلئے فلسطین فنڈ میں دل کھول کر عطیات جماعت اسلامی کے قریبی دفاترمیں جمع کرائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکریٹری منعم ظفر خان اور سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے،حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ وزیر اعظم فلسطین، بیت المقدس، حماس اور فلسطینیوں کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے فوری طور پر تمام اسلامی ممالک کے وزرائے اعظم اور آرمی چیفس کا اجلاس بلائیں اور اسرائیل اور اس کے حواریوں کوواضح کردیں کہ عالم اسلام فلسطین اور بیت المقدس میں اسرائیلی دہشت گردی برداشت نہیں کرے گا، انہوں نے کراچی کی ماؤں، بہنوں، بچوں، بزرگوں، مزدوروں، طلباء، وکلاء، علماء کرا م اور تاجروں سمیت ہر طبقہ زندگی کے افراد سے اپیل کی کہ قبلہ اول کا تحفظ کرنے والوں میں شامل ہونے کے لیے 23مئی کو”فلسطین مارچ“میں ایمانی جذبے سے سرشار ہوکر شرکت کریں اور اسرائیل کو یہ پیغا م دیں کہ ہم حماس اور فلسطین کے عوام کے ساتھ ہیں اور گریٹر اسرائیل منصوبے کا خواب کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ 

تازہ ترین