کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)لبنانی نژاد امریکی سابق اسٹار میا خلیفہ نے اسرائیل اور فلسطین کے مابین کشیدگی کے معاملے پراسرائیلی اداکارہ گال گوڈٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔گال گوڈٹ فلم ” ونڈر وومن ” کی مرکزی اداکارہ تھیں، اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں میا نے لکھا کہ ہمیں ویساکردار چاہیے تھا نہ کہ نسل کُشی کرنے والی باربی۔گال نے چند روز قبل کی جانے والی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ” میرا دل ٹوٹ چکا ہے، میرا ملک حالت جنگ میں ہے ، مجھے اپنے لوگوں ، فیملی، اوردوستوں کی فکر ہے۔اداکارہ نے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے قطع نظر مزید لکھا کہ برائی کا یہ سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے، اسرائیل کو بھی آزاد ومحفوظ قوم کی حیثیت سے جینے کا حق ہے اور اس کےپڑوسیوں کو بھی یہی حق حاصل ہے۔گال گوڈٹ کو اس پوسٹ پرشدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، 2005 سے 2007 تک اسرائیلی ڈیفینس فورس میں بھی خدمات سر انجام دینے والی اداکارہ کو پاکستانی اداکاروں مرزا گوہر رشید اور عثمان خالدبٹ نے بھی آڑے ہاتھوں لیا تھا۔گوہر رشید نے اداکارہ کو یاد دلایا کہ یہ اسرائیل ہی ہے جس نے جنگ کے حالات پیداکیے جبکہ عثمان خالد بٹ نے انہیں اخبار پڑھنے کا مشورہ دیا۔ سابق الجزیرہ کے منیجنگ ایڈیٹر نے ریمارکس دیے کہ اسرائیل خود جنگی جرائم اور نسل کشی کا ارتکاب کررہا ہے ۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں اب تک 213 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں 61 بچے بھی شامل ہیں۔