کراچی (ٹی وی رپورٹ)پی ٹی آئی جہانگیر ترین گروپ کے رہنما راجا ریاض احمدنے کہا ہےکہ پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیوں کی وجہ سے صوبائی اسمبلی میں اپنا پارلیمانی لیڈر مقرر کیا، وفاق میں فی الحال پارلیمانی لیڈر کی ضرورت نہیں ہے، عمران خان نے ہمیں جو یقین دہانیاں کروائیں وفاق ان پر عمل کررہا ہے، سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے، ہمارے خلاف انتقامی کارروائیوں کے پیچھے شہزاد اکبر ہیں، شہزاد اکبر کی اب تک کی کارکردگی صفر بٹا صفر ہے، غلام سرور خان کو پہلے دن ہمارے ساتھ کھڑا ہوجانا چاہئے تھا، غلام سرور خان کہتے رہے میں آپ کے ساتھ ہوں لیکن ساتھ کھڑے نہیں ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک ‘‘میں میزبان حامدمیرسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجا ریاض احمد نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی ایز کے خلاف کارروائیاں شروع کیں، اس کی وجہ سے ایم پی ایز نے کہا ہمیں اب گروپ کا اعلان کرنا چاہئے ، ارکان اسمبلی کا خیال تھا کہ ہمیں پارلیمانی لیڈرز مقرر کرنا چاہئیں جو اسمبلی میں ہماری بات کرسکیں،سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے، وفاق میں ہمیں فی الحال پارلیمانی لیڈر کی ضرورت نہیں ہے، عمران خان نے ہمیں جو یقین دہانیاں کروائیں وفاق ان پر عمل کررہا ہے، بیرسٹر علی ظفر ہماری بات توجہ کے ساتھ سن رہے ہیں، ان کی جہانگیر ترین کے لوگوں کے ساتھ طویل ملاقاتیں ہوئی ہیں، قومی اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ موجود ہے لیکن پارلیمانی لیڈر کوئی نہیں ہے۔