• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میتھ میٹکس (ریاضی) ایک دلچسپ مضمون ہے مگر کچھ طلبا کو یہ نہایت مشکل لگتا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ ابتدا سے ہی بچوں کی اس مضمون میں دلچسپی پیدا کی جائے۔ والدین اور اساتذہ ممکنہ طور پر کوئزز سے لے کر ہوم ورک کی اضافی مدد تک سب کچھ آزما چکے ہوتے ہیں۔ تاہم، جدید ٹیکنالوجی نے اس مضمون میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ڈیجیٹل میتھ گیمز کی صورت میں ایک نیا طریقہ متعارف کروایا ہے۔ 

ذیل میں ہر عمر کے طلبا کے لیے میتھ کی آٹھ ایپس کا ذکر کیا جارہا ہے۔ ان ایپس کو جمع(Addition)، تفریق (Subtraction)، ضرب (Multiplication) اور تقسیم (Division)سیکھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ بچوں کے لیے یہ تفریحی گیمز ریاضی کے بنیادی تصورات کو تقویت بخشتے اور سیکھنے کا شوق پیدا کرتے ہیں۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ آپ کے بچے کو انہیں استعمال کرنے میں اتنا مزہ آئے گا کہ اسے معلوم ہی نہ ہوسکے گا کہ وہ کھیل کھیل میں سیکھ رہا ہے۔

Monster Math

بچوں کے لیے ریاضی کے اس کھیل میں’میکس‘ نامی ایک مانسٹر ہوتا ہے جو انھیں بنیادی ریاضی (جمع، تفریق، ضرب اور تقسیم) سکھائے گا۔ بچہ ایک وقت میں کئی ہنر سیکھنے کے قابل ہوگا جبکہ میکس دشمنوں سے لڑنے میں مدد کرتا اور اپنے دوست ڈیکسٹرا کو تلاش کرتا ہے۔ اس میں بچے ’ملٹی پلیئر موڈ‘ میں کھیل کر دوسروں سے میتھ کا آن لائن مقابلہ بھی کرسکتے ہیں۔ گریڈ 1سے3 تک کے بچوں کے لیے یہ ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپ اسٹور دونوں پر مفت دستیاب ہے۔

SplashLearn

بصری طور پر سیکھنے والوں کے لیے یہ ایپ ریاضی کو تفریح تفریح میں ​​ خود سے مرتب کیے گئے نصاب سے منسلک پروگرام کے ساتھ مشغول کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ مثال کے طور پر ، کنڈرگارٹن کی سطح پر اشکال اور گنتی شامل ہے جبکہ پانچویں جماعت کی سطح پر ضرب ، تقسیم ، بنیادی الجبرا، فریکشن اور اعشاریہ (Decimal) شامل ہیں۔ ایپ میں غلط جوابات کی وضاحت بھی کی جاتی ہے۔ پری اسکولر سے5ویں جماعت تک کے بچوں کے لیے یہ ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپ اسٹور دونوں پر مفت دستیاب ہے۔

Marble Math Junior

ماربل کی بھول بھلیوں پر جاکر بچے نمبر اور بونس جمع کرکے متعدد ریاضی کے مسائل حل کرتے ہیں۔ مشکل کےتین مرحلے اور ماربل کے 16 اسٹائل کے ساتھ، ریاضی کی اس ایپ کو آپ کے بچے کی شخصیت اور صلاحیتوں کے مطابق پروگرام کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کا بچہ ریاضی کے کسی خاص حصے کو سمجھنے میں مشکلات سے دوچار ہو تو آپ اس ایپ میں گیمز کو کسٹمائز کرکے بچوں کو اس کےمطابق مشقیں کرواسکتے ہیں تاکہ وہ بآسانی سیکھ جائے۔ یہ ایپ ایپل اسٹور پر دستیاب ہے مگر آپ کو اس کی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

Kids Math

بچوں کے لیے ریاضی کی اس ایپ میں بنیادی طور پر ہر لیول پر ایک خاص ٹائم فریم میں ریاضی کے 10سوالات کے جوابات دے کر تمام آٹھ لیول کو پاس کرنا ہوتا ہے۔ ہر سوال کا جواب دینے کا محدود وقت ہوتا ہے، تاہم درست جواب دینے کی صورت میں اضافی چار سیکنڈ انعام کے طور پر دیے جاتے ہیں جبکہ غلط جواب کی صورت میں پانچ سیکنڈ سے محروم ہونا پڑتا ہے۔ ہر بار گیم کھیلنے پر بچوں کو نئے سوالات ملتے ہیں۔ یہ ایپ گوگل پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔

The Math Tree

اس ایپ کی دلکش گرافکس یقینی طور پر بچوں کو مصروف رکھیں گی۔ آپ کا بچہ اس کے ذریعے ریاضی کی بنیادی مہارتیں سیکھے گا۔ اس ایپ میں موجود درخت سے مختلف چیزیں جیسے کہ الّو، بیر، آڑو، نیلی چڑیاں وغیرہ کو جمع اور تفریق کرنا ہوتا ہے۔ چیزوں کو حرکت دینے کے لیے انہیں آسانی سے ٹیپ کرکے منتقل کیا جاسکتا ہے۔ پری کنڈرگارٹن کے بچوں کے لیے یہ ایپ ایپل اسٹور پر دستیاب ہے جس کے لیے آپ کو ادائیگی کرنی ہوگی۔

Khan Academy Kids

اسٹینفورڈ گریجویٹ اسکول آف ایجوکیشن کے ماہرین کی تیار کردہ اس ایپ میں جانوروں کے مختلف کرداروں کے ذریعہ بچوں کو ریاضی سکھائی جاتی ہے۔ اس میں پڑھنے، لکھنے، زبان، مسائل حل کرنے، موٹر ڈیویلپمنٹ اور معاشرتی جذباتی نشوونما (Social emotional development) کے پروگرام بھی شامل ہیں۔ ایڈاپٹو فیچرز ذاتی نوعیت کے تجربات کرنے کی اجازت دیتے ہیں تاکہ بچوں کو ڈیجیٹل گیم کا زیادہ سے زیادہ فائدہ ملے۔ 2سے6 سال کی عمر کے بچوں کے لیے یہ ایپ گوگل پلے اور پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔

Moose Math

اگر آپ کنڈرگارٹن اور اوّل جماعت کے بچوں کے لیے ریاضی کے مفت گیم کی تلاش میں ہیں تو یہ ​​ایپ ایک اچھا انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ بچوں کو پانچ ملٹی لیول سرگرمیاں مکمل کرنے پر انعامات ملتے ہیں ، جن کو وہ ایپ میں اپنا ایک شہر تعمیر کرنے میں استعمال کرسکتے ہیں۔ والدین ’رپورٹ کارڈ‘ کے ذریعے بچے کی کارکردگی کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ 3سے7 سال کی عمر کے بچوں کے لیے یہ ایپ گوگل پلے اور پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔

Preschool Math Games for Kids

اس تفریحی ریاضی کے گیم میں چھوٹے بچے انٹرایکٹو انداز میں گنتی، ٹریسنگ اور گنتی پڑھنے کا تجربہ حاصل کرتے ہیں۔ ایپ کے نام کے برعکس اس میں تیسری جماعت تک کے بچوں کے لیے بھی ریاضی کی مشقیں ہیں۔ 2سے8سال کی عمر کے بچوں کے لیے یہ ایپ گوگل پلے پر مفت دستیاب ہے۔

تازہ ترین