• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسمِ گرما میں آؤٹ ڈور رہائش کے 5 مقبول رجحانات

کورونا وَبائی مرض کے باعث اکثر لوگوں کے سیر و سیاحت کے سارے پروگرام ملتوی ہوچکے ہیں کیونکہ وَبا کی عالمی صورتِ حال یہی بتا رہی ہے کہ آئندہ چند ماہ تک اس کا زور برقرار رہ سکتا ہے، جس کے باعث لوگ مجبور ہوں گے کہ وہ اپنے گھروں پر ہی رہیں۔ ایسے میں یہ فطری بات ہے کہ کئی لوگ موسمِ گرما سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنے گھروں کے آؤٹ ڈور ایریا کو تیار کررہے ہیں۔

گرمیوں کا یہ مسلسل دوسرا موسم ہے، جب لوگ اپنی آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور سیر و سیاحت کو ترک کرکے اپنا زیادہ تر وقت گھروں پر گزارنے پر مجبور ہیں، ایسے میں اس بار موسمِ گرما شروع ہوتے ہی کئی لوگ اپنے ماضی کی یادوں کو ٹٹول رہے ہیں، جب وہ اس موسم میں گھومنے پھرنے نکل جایا کرتے تھے۔ مسلسل دو سال گھروں پر رہنے کے بعد اس وقت لوگ سیر و سیاحت کے لیے ترس رہے ہیں۔ چونکہ لوگ کہیں باہر نہیں جاسکتے، اس لیے وہ اپنے گھر کے آؤٹ ڈور ایریاز کی اس طرح تزئین و آرائش کررہے ہیں کہ انھیں گھر کی چاردیواری کے اندر ہی ہر ممکن حد تک باہر والا ماحول میسر آجائے۔

موسم گرما میں آپ اپنے گھر کے فرنٹ یارڈ، بیک یارڈ، ڈیک یا پیٹیو کو کس طرح مثالی بناسکتے ہیں، آئیے اس حوالے سے نئے رجحانات اور ماہرین کی رائے جانتے ہیں۔

پائیدار اور دیرپا فرنیچر

آرکیٹیکچرڈیزائنرز کہتے ہیں کہ اگر آپ اپنے گھر کے آؤٹ ڈور ایریا کو بیٹھک کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو اسے اس طرح ڈیزائن کرنا ہوگا کہ وہاں آپ خود کو آرام دہ محسوس کریں، نیز فرنیچر ایسا ہوناچا ہیے جو پائیدار اور دیرپا ہو۔ پلاسٹک، لکڑی اور بانس سے بنا ہوا روایتی فرنیچر مختلف اقسام کے سخت موسموں جیسے زیادہ نمی اور طوفانی بارشوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ اس کے بجائے آرکیٹیکچرل ماہرین لوگوں کو المونیم، دھات اور کنکریٹ وغیرہ کا فرنیچر استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، جسے اگر حفاظت سے رکھا جائے تو زندگی بھر ساتھ دیتا ہے۔

لیونگ روم کو باہر لے آنا

جان میک کلین ڈیزائن کے جان میک کلین کہتے ہیں کہ، چونکہ وَبا کے باعث لوگ اپنی لیونگ روم کی زندگی کو باہر لے کر آرہے ہیں اس لیے وہ اپنے آؤٹ ڈور ایریا کی بھی اسی طرح تزئین و آرائش کررہے ہیں، جس طرح وہ اپنے اِن ڈور ایریا کی تزئین و آرائش کرنا پسند کرتے ہیں۔ ’’خاص طور پر قالین، آرام دہ فرنیچر، خوبصورت لائٹنگ، نرم تکیے اور کھانے پینے کی اشیا رکھنے کے لیے مناسب ہموار زمین، یہ وہ لوازمات ہیں، جو آپ کے آؤٹ ڈور لیونگ ایریا میں ضرور ہونے چاہئیں تاکہ آپ آرام کے ساتھ رہ سکیں‘‘۔

آرام دہ بیٹھک کا سامان

ماہرین کہتے ہیں کہ، اچھی طرح ڈیزائن کردہ آؤٹ ڈور لیونگ ایریا کا مطلب یہ ہے کہ وہ بیٹھنے کے لیے آرام دہ ہو۔ ایسے میں ضروری ہے کہ آپ اپنے گھر کے آؤٹ ڈور ایریامیں وہ تمام لوازمات شامل کریں جو کمروں کے اندر موجودہوتے ہیں، تاکہ آپ کو کسی چیز کی کمی کا احساس نہ ہو۔

بیرونی حصے میں شجرکاری

پلپ ڈیزائن اسٹوڈیو کے ماہرین کا کہنا ہے کہ، دلچسپ اوررنگین شجرکاری آپ کے آؤٹ ڈور ایریا کو گہرائی اور خوبصورتی فراہم کرتی ہے۔ گھر کے آؤٹ ڈور ایریا کے لیے آپ کو مارکیٹ میں خاص طور پر آرائشی پلانٹرز بھی مل جاتے ہیں، جو مختلف ورائٹی میں دستیاب ہوتے ہیں، جنھیں آپ اپنی جگہ اور اسٹائل کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔

آؤٹ ڈور باورچی خانہ

ڈیزائنر جان میک کلین کہتے ہیں کہ، وقت کے ساتھ اِن ڈور اور آؤٹ ڈور باورچی خانوں کے درمیان لکیر دھندلی ہوتی جارہی ہے۔ ہمارے کلائنٹس اپنے آؤٹ ڈور باورچی خانے میں بھی وہ ساری خصوصیات چاہتے ہیں، جو انھیں گھر کے اندر موجود باورچی خانے میں دستیاب ہیں۔ آؤٹ ڈور تفریح اور اچھا وقت گزارنے کے لیے جو سہولیات چاہیے ہوتی ہیں، ان کا معیار بتدریج بلند ہوتا جارہا ہے، جیسے کہتے ہیں کہ، ’’مجھے اور چاہیے‘‘۔ صارفین چاہتے ہیں کہ آؤٹ ڈور باورچی خانہ میں ہر ممکن حد تک وہ تمام اپلائنسز اور کیبنٹری وغیرہ موجود ہو، جو اِن ڈور باورچی خانہ میں ہوتی ہیں۔

تعمیراتی ماہرین کا کہنا ہے کہ، کوروناوائرس وبائی مرض نے جس طرح صحت اور تعلیم سے لے کر ہر شعبۂ زندگی میں نئے رجحانات متعارف کروائے ہیں، اسی طرح تعمیراتی صنعت بھی اب ہمیشہ کے لیے بدل کر رہ جائے گی اور اس میں تعمیراتی ٹیکنالوجی کا استعمال تیزی سے بڑھ جائے گا۔ 

مزید برآں، رہائشی آرکیٹیکچر بھی اب ہمیشہ کے لیے بدل جائے گا اور لوگ اب بتدریج ایسے گھر چاہیں گے، جہاں انھیں گھر کے ساتھ ساتھ آؤٹ ڈور کی ساری خصوصیات بھی دستیاب ہوں یا اپنے گھر سے وہ زیادہ سے زیادہ باہر کے ماحول سے لطف اندوز ہوسکیں۔ آؤٹ ڈور لیونگ ایریاز، آؤٹ ڈور باورچی خانہ اور ڈیک وغیرہ اسی سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں، جن کے رجحان میں ناصرف اس وقت اضافہ ہورہا ہے بلکہ آنے والے وقتوں میں بھی مزید اضافہ متوقع ہے۔

تازہ ترین