• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میوزک انڈسٹری کے مشہور گلوکار فلک شبیر اپنی اہلیہ و اداکارہ سارہ خان کی محبت میں شیف بن گئے۔

سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک رہنے والی شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی سارہ خان اور فلک شبیر اپنی مختلف پوسٹس کے ذریعے اپنے مداحوں کو اپنی نجی زندگی کے حوالے سے آگاہ کرتے رہتے ہیں۔

دوسری جانب مداح بھی سارہ اور فلک کی نجی زندگی کی معلومات حاصل کرنے میں بڑی دلچسپی رکھتے ہیں۔

اب حال ہی فلک شبیر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مخلتف اسٹوریز شیئر کیں جن میں اُنہوں نے وہ ویڈیوز شیئر کیں کہ جب وہ اپنی اہلیہ سارہ خان کے لیے کوکنگ کررہے تھے۔

ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلک نے سارہ کے لیے اُن کی فرمائش پر مزیدار یخنی پلاؤ اور سوجی کا حلوہ تیار کیا۔

فلک نے ناصرف کھانا تیار کیا بلکہ کھانے کی میز کو بھی نہایت ہی سلیقے سے سجایا، اُنہوں نے رائتے سلاد کے ساتھ یخنی پلاؤ اپنی اہلیہ کو پیش کیا۔

دوسری جانب سارہ خان نے اپنی انسٹا اسٹوری یخنی پلاؤ اور سوجی کے حلوے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے شوہر کے ہاتھ کے ذائقے کی خوب تعریف کی۔

سارہ خان نے کہا کہ ’یہ اُن کی زندگی کا سب سے مزیدار یخنی پلاؤ اور سوجی کا حلوہ ہے۔‘

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’مجھے فلک پر بہت فخر ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ سال 17 جولائی کو اداکارہ سارہ خان اور نامور گلوکار فلک شبیر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شوبز انڈسٹری کی اس جوڑی کو 2020 کی بہترین جوڑی قرار دیا گیا تھا۔

تازہ ترین