اسلام آباد(بلال عباسی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے انسداد تمباکو نوشی ایوارڈ 2021 پاکستان کے نام کر دیا۔
ذرائع کے مطابق شعبہ صحت میں ایک اور عالمی اعزاز پاکستان کے نام ہو گیا ہے، پاکستان کے لیے اس ایوارڈ کا اعلان عالمی ادارہ صحت ایمرو ریجن نے کیا، پاکستان کو انسداد تمباکو نوشی کے کامیاب اقدامات پر ایمرو ریجن میں نمبر وَن قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان نے انسداد تمباکو نوشی کے مقررہ اہداف کے حصول میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، عالمی ادارہ صحت نے حکومت پاکستان کو بھی ایوارڈ سے متعلق آگاہ کر دیا ہے، وزارت صحت کے ٹوبیکو کنٹرول سیل نے بھی پاکستان کو ایوارڈ ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پاکستان کو یہ ایوارڈ 31 مئی کو ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے پر دیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو یہ ایوارڈ ٹوبیکو اسموک فری سٹی منصوبے کی کامیابی پر ملا ہے،وزارت صحت کے زیر انتظام ٹوبیکو اسموک فری سٹی منصوبہ 12اضلاع میں جاری ہے۔
اس منصوبے میں ضلعی سطح پر مانیٹرنگ سیل قائم کیے گئے ہیں، منصوبے کے تحت 12 اضلاع میں 304 مقامات اور پارک اسموک فری ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان پبلک پارکس کو اسموک فری قرار دینے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔
اسموک فری سٹی کے اس منصوبے کے تحت ٹوبیکو پراڈکٹس بیچنے والے رجسٹر کیے گئے ہیں،اسلام آباد میں تمباکو مصنوعات کی فروخت لائسنس سے مشروط ہے۔
پاکستان 2025 تک تمباکو پینے والوں کی تعداد میں 30 فی صد کمی لائے گا۔