• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری، اسپیشل برانچ کے اہلکار مجرموں کے آلہ کار بن گئے

کراچی (اعظم علی /نمائندہ خصوصی )کراچی کے علاقے لیاری میں تعینات پولیس کی اسپیشل برانچ کے اہلکار جرائم پیشہ عناصر کے آلہ کار بن گئے ۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں احتیاط برتی جاتی ہے جیسے ہی کوئی خامی سامنے آئے اسے درست کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔ اسپیشل برانچ کی یہ کالی بھیڑیں گٹکا مافیا ‘ منشیات فروشوں اوردیگرجرائم پیشہ عناصرسے پیسے لیکران جرائم کی نشاندہی کرنے والے ذمہ دار شہریوں کو جعلی انٹیلی جنس رپورٹ (آئی آر)کے ذریعے پھنسانے میں ملوث پائی گئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق لیاری میں تعینات اسپیشل برانچ کے اہلکار مجرموں کا سراغ لگانے کی بجائے ان کے مددگار بن گئے ہیں ۔ یہ اہلکار علاقے میں جرائم کے خلاف آوازاٹھانے اور پولیس کی مدد کرنے والے ذمہ دار شہریوں کو سبق سکھانے کیلئے ان کے نام جعلی آئی آرزمیں شامل کراتے ہیں اورجرائم پیشہ عناصر سے اس کام کے باقاعدہ پیسے لئے جاتے ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ گزشتہ ماہ ایسے ہی ایک واقعہ میں ایک بیگناہ شخص کو جعلی آئی آرمیں پھنسانے کی کوشش کی گئی ۔آئی آر وصول ہونے پر علاقہ پولیس نے مکمل تفتیش اورتحقیق کے بعد اس شخص کو کلیئر قراردیدیا تاہم اسی شخص کے خلاف رواں ماہ لیاری ہی کے ایک دوسرے تھانے میں جعلی انٹیلی جنس رپورٹ بھجوائی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے اور اس سے پہلے بھی کئی بیگناہ افراد کو اسی طریقے سے نشانہ بنایاگیاہے تاکہ وہ آئندہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آواز بلند نہ کریں ۔

تازہ ترین