• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک پاکستان کے لیے اقتصادی ترقی کی نوید ہے، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پورے خطے کی ترقی کا راستہ ’سی پیک‘ سے ہو کر گزرتا ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں سی پیک منصوبوں پر پیشرفت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اس دوران سی پیک کے تحت سرمایہ کاری اور چینی سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات جیسے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق بعض معاملات میں سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل اور ان کے فوری حل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر غیر ملکی سرمایہ کاروں بالخصوص چینی سرمایہ کاروں کے ویزہ اجرا میں رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سی پیک سے وابستہ افراد کے لیے علیحدہ کیٹگری متعارف کروانے پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس معاملے پر وزارتِ داخلہ کو کابینہ میں سمری پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سرمایہ کاری بورڈ کی چینی سرمایہ کاروں کی دی گئی مراعات پر تفصیلی بریفنگ دی، اس دوران سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے گرین چینل قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے اسپیشل اکنامک زونز پر پیشرفت کو تسلی بخش قرار دیا جبکہ اجلاس میں کراچی میں سی پیک اسپیشل اکنامک زون کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

عمران خان نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ چین اور پاکستان کی اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لیے اقتصادی ترقی کی نوید ہے، پورے خطے کی ترقی کا راستہ بھی سی پیک سے ہو کر گزرتا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ مراعات فراہم کی جائیں۔

تازہ ترین