کراچی( افضل ندیم ڈوگر) امریکہ کے شکاگو ایئرپورٹ پر ایک ہی ایئرلائن کے دو طیاروں کے مابین ٹیکسی کے دوران ٹکراؤ ہوگیا۔ جس سے دونوں طیاروں کو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق شکاگو مڈ وے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ساؤتھ ویسٹ ائیرلائن کا N8686 کا بوئنگ 737 طیارہ برمنگھم روانہ ہو رہا تھا اور ٹیک آف کیلئے ٹیکسی کررہا تھا جب جہاز کا پر واشنگٹن سے شکاگو پہنچنے والے 289CT رجسٹریشن کے دوسرے بوئنگ 737 کی دم سے ٹکرا گیا۔ یہ حادثہ ٹیکسی وے "یانکی" پر پیش آیا۔ تصادم کے بعد دونوں پروازوں کے مسافروں کو اتارا لیا گیا اور معائنہ اور مرمت کیلئے دونوں جہازوں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔