• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم ECL کا اقدام چیلنج کرنے جا رہے ہیں،عطا تارڑ

مسلم لیگ نون کے رہنما عطا تارڑ کاکہنا ہے کہ ہم پارٹی کے صدر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکومتی اقدام چیلنج کرنے جا رہے ہیں۔

رہنما نون لیگ عطا تارڑ نے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ احاطۂ عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ توہین عدالت کی درخواست پر اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں، کورونا وبا کے باعث توہین عدالت کی درخواست رجسٹرار آفس نے قبول نہیں کی تھی۔

اس موقع پر شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہاکہ وفاقی حکومت نے بدنیتی سے شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے، کیس زیر سماعت ہونے اور عدالتی احکامات کے باوجود نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔

امجد پرویز کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدام کو چیلنج کرنے کا سائل کو قانونی حق حاصل ہے،ہم نے خود عدالت سے استدعا کی کہ اپنی درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔

وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ ہم درخواست واپس لےکر متعلقہ فورم سے رجوع کریں گے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی توہین عدالت اور عدالتی فیصلے پرعمل درآمد کی درخواستیں واپس لینےکی استدعا منظور کرلی، جبکہ وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی مخالفت کی۔

سرکاری وکیل نے کہاکہ عدالت حکومت کا جواب آنے اور اپنے اطمینان تک درخواست واپس لینےکی اجازت نہ دے۔

تازہ ترین