• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،فزیو تھراپی کے طلبہ کا صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ

پشاور( وقائع نگار) پشاور کے مختلف کالجز کے فزیو تھراپی کے طلبہ نے ہائوس جاب نہ ملنے اور دیگر مطالبات کیلئے صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے دو سال قبل ان سے وعدہ کیا تھا کہ فیزیوتھراپسٹ کو ایچ ای سی قوانین کے مطابق صوبہ کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ہائوس جاب فراہم کیا جائے گا لیکن ابھی تک حکومت کی خاموشی مایوس کن ہے جس کے باعث صوبے کے ہزاروں طلباء فزیو تھراپی کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد ہائوس جاب کی سہولت سے محروم ہیں جس سے بے روزگاری میں بھی سنگین حد تک اضافہ ہو رہا ہے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام صوبوں میں فزیوتھراپسٹ کو کورس مکمل کرنے کے بعد پریکٹیکل کام سیکھنے کیلئے ایک سال ہائوس جاب فراہم کیا جاتا ہے لیکن بد قسمتی سے خیبر پختونخوا کے گریجویٹس کو اس حق سے محروم رکھا گیا ہے جو ہائیر ایجوکیشن قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ پروگرام میں داخلہ دینے والے ادارے کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گریجویٹس کو ہائوس جاب مہیا کرے تاہم ابھی تک خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور صوبائی حکومت کی اس حوالے سے عدم دلچسپی کے باعث ہزاروں طلبہ کا مستقبل دائو پر لگ گیا ہے جبکہ مجبور طلباء کے حالات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ہسپتالوں نے پیسوں پر انٹر ن شپ دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور گریجویٹس اپنی جیب سے پیسے دیکر چھوٹے چھوٹے کلینکس اور ہسپتالوں میں انٹرن شپ کیلئے دربدر پھر رہے ہیں ۔مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کے فزیوتھراپسٹ کو بھی ہائوس جاب کی فراہمی ممکن بنائی جائے اور انکا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جائے بصورت دیگر احتجاج جاری رہے گا ۔
تازہ ترین