اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نیب نے نواز شریف کی ایون فیلڈ اپارٹمنٹ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کو عدم پیروی پر خارج کرنے کی استدعا کر دی ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی غیر موجودگی میں اپیلوں پر سماعت آگے بڑھانے کے لئے وکلا سے معاونت اور اس سے متعلق مختلف عدالتی نظیریں طلب کرتے ہوئے سماعت 9 جون تک ملتوی کر دی ہے۔
منگل کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی احتساب عدالت سے سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی۔
اس موقع پر نیب کی جانب سے جہانزیب بھروانہ اور سردار مظفر پیش ہوئے۔ مریم نوازاور کیپٹن صفدر لیگی قیادت کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے جبکہ ان کے وکیل امجد پرویز پیش نہ ہوئے اور معاون وکیل نے تیسری بار التواءکی درخواست دائر کرتے ہوئے بتایاکہ امجد پرویز لاہور ہائی کورٹ مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس نکتے پر معاونت کریں کہ نواز شریف کے اشتہاری ہونے کے بعد ان کی اپیلوں پر سماعت کو کیسے آگے بڑھایا جائے۔