• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چک شہزاد، 13 ارب روپے سے زائد مالیت کے آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

جنوبی کوریا کے تعاون سے چک شہزاد میں 13 ارب روپے سے زائد مالیت کے آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔

پارک کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں جنوبی کوریا کے سفیر  اور وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے شرکت کی۔

وزارت آئی ٹی کے مطابق  پارک جنوبی کوریا کے تعاون سے چک شہزاد میں بنایا جائے گا، آئی ٹی پارک 12 منزلوں پر مشتمل 15 ایکڑ رقبے پرمحیط ہوگا، پارک کی 2 منزلیں زیر زمین ہوں گی۔

منصوبے کی مجموعی مالیت 13 ارب 72 کروڑ روپے سے زائد ہے، پارک کے قیام کیلئے جنوبی کوریا کے بینک سے آسان شرائط پرقرضہ حاصل کیا، قرضے کی ادائیگی معمولی مارک اپ پر40 برس میں آسان اقساط پرکی جائے گی۔

تقریب سے جنوبی کوریا کے سفیر سوسنگ پایو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوریا کے اکنامک ڈیولپمنٹ کوآپریشن فنڈ کے تحت آئی ٹی پارک کیلئے قرض دیا ہے، پاکستان میں آئی ٹی اورٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ٹیکنالوجی پارکس کی مدد سے آئی ٹی گریجویٹس کو روزگار کے مواقع فراہم ہوگئے، وزارت آئی ٹی نے ہمیشہ پاکستان بھر میں انکیوبیشن سینٹر بنانا چاہتے ہیں۔

امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی پارک کی تکمیل سے 15 ہزار کے قریب افراد کو روزگار ملے گا، ٹیلی کام کو بھی انڈسٹری کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوری 2023 میں پارلیمنٹ کو بھی ڈیجیٹل کردیا جائے گا، پارلیمنٹ پیپرلیس ہوگا، 22دسمبر کو فائیو جی لانچ کردیا جائے گا۔

تازہ ترین