• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی قوم دفاع و سالمیت پر سمجھوتا نہیں کرسکتی، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 28 مئی یوم تکبیر ہر پاکستانی کیلئے قابل فخر دن ہے، پاکستانی قوم اپنے دفاع اور سالمیت پر سمجھوتا نہیں کرسکتی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 2013 میں قوم نے نواز شریف کو دوبارہ مینڈیٹ دیا، 2015 میں چینی صدر نے پاکستان آکر 40 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان کیا، سی پیک کی کامیابی پاکستان کی معیشت کو ناقابل تسخیر بنارہی تھی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایٹمی دھماکے کے بعد سی پیک کا دھماکا کرنے والے کو تاحیات نااہل کیا گیا، پاکستان کو ترقی کے سفر سے ڈی ریل کیا گیا اور گداگر بنادیا گیا، پاکستان کو زکوۃ و فطرے کی معیشت میں ڈال دیا گیا، پاکستان کی منزل زکوۃ و فطرانہ کی منزل نہیں ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ  عوام کو آئین کی بالادستی اور حق حکمرانی دلانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں دو محاذ ہیں، ایک پارلیمان کے اندر اور ایک باہر  بجٹ سیشن میں عوام دشمن پالیسی کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی، عالمی اداروں کو بھارت میں ایٹمی مواد کے غیر تسلی بخش انتظامات پر نوٹس لینا چاہیے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم ایک بار پھر پاکستان کو خود دار ملک بنانے کے لیے پر عزم ہیں، یوم تکبیر کے ساتھ یوم جمہوریت بھی انشاء اللّٰہ منائیں گے۔

تازہ ترین