کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ ون عالمگیر خان ہوتک نے قتل کے مقدمے میں نامزد دو ملزمان شاہ عالم اور پیر محمد کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا کا حکم سنایا ،عدالت نے آلہ قتل برآمد ہونے کا جرم ثابت ہونے پر بھی ملزم شاہ عالم کو 3سال قید اور 20ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا ملزمان کو دو دو لاکھ روپے روپے جرمانہ مقتول کے ورثاء کو ادا کرنا پڑیگا ۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان شاہ عالم اور پیر محمد کے خلاف مدعی یاسر کی جانب سے درج کئے گئے مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 24جولائی 2018کو 6بجے ان کی ملک شاپ 2ملزمان آئے اور ان سے 5ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر روانہ ہوئے کہ اس دوران ان کا رشتہ دار حسنین آیا جس پر ملزم نے پستول سے فائرنگ کرکے حسنین کو زخمی کیا اور بعد ازاں زخمی چل بسا ۔ جس پر پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے چالان عدالت میں پیش کیا تھا جس پرعدالت نے ملزمان کو قید وجرمانے کی سزا کا حکم سنایا جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزمان کو مزید چھ چھ ماہ قیدکی سزا بھگتنا ہوگی ۔