• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،فزیوتھراپی کے طلبہ کا ہاؤس جاب کی فراہمی کیلئے دھرنا

پشاور(وقائع نگار) پشاور کے مختلف نجی اور سرکاری کالجز کے فزیوتھراپی کے طلبہ کا ہاؤس جاب کی فراہمی کیلئے صوبائی اسمبلی کے سامنے چوتھے روز بھی دھرنا جاری رہا جس میں مختلف سرکاری اور نجی کالجز کے طلبہ کثیر تعداد میں شریک ہوئے اور اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے نعرے بازی کی۔مظاہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ صوبائی حکومت وعدے کے مطابق جلد از جلد طلبہ کو ہاؤس جاب فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے اور باقاعدہ اعلامیہ جاری کرے بصورت دیگر دھرنا غیر معینہ مددت کیلئے جاری رہے گا۔مظاہرین کے مطابق ایچ ای سی رولز کے مطابق صوبہ کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ڈگری مکمل کرنے کے بعد فزیو تھراپسٹ کو ہاؤس جاب دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے جبکہ نجی کالجز بھی پابند ہیں کہ وہ اپنے طلبہ کو ہاؤس جاب فرہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہزاروں طلبہ ہاوس جاب نہ ہونے کی وجہ سے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں تاہم ابھی تک خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور صوبائی حکومت اس حوالے سے سنجیدہ نظر نہیں آرہی مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا کے فزیوتھراپسٹ کو بھی ہاؤس جاب کی فراہمی ممکن بنائی جائے اور انکا مستقبل تاریک ہونے سے بچایا جائے جبکہ عندیہ دیا ہے کہ ہاؤس جاب کی فراہمی کے سلسلے میں اعلامیہ جاری نہ ہونے تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔
تازہ ترین