وفاقی وزیر منصوبہ بندی و این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ بڑی عید پر کوئی پابندی نہ ہو۔
انہوں نے اسلام آباد چیمبرز آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے 4 اعشاریہ 8 فیصد جی ڈی پی گروتھ کی منظوری دے دی گئی، سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی آئندہ سال کیلئے دیگر اہداف کا جائزہ لے رہی ہے.
اسد عمر نے کہا کہ ن لیگ کے آخری سال سے زائد ہماری جی ڈی پی گروتھ ہو گی، مدت پوری ہونے سے پہلے شرح نمو مسلم لیگ نون سے زیادہ ہو گئی، سب پریشان ہیں اچانک سے معیشت میں گروتھ کیسے آ گئی، گروتھ اچانک نہیں ہوئی ،دو سال پہلے بتا دیا تھا۔
ملک میں ویکسین مہم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں یومیہ 20 ہزار ویکسین لگانے کی صلاحیت ہے ، ویکسین لگانے کی مہم چلائیں گے، جتنی جلدی ویکسین کا عمل اوپر جائے گا پابندیاں اٹھائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں بڑی عید پر کوئی پابندی نہ ہو ،سب مارکیٹیں کھلی ہوں۔
وفاقی وزیر نے وزیر تعلیم شفقت محمود اور حامد اظہر کو لاہور میں ویکسین لگانے کا چیلنج بھی دیا، انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں لاہور یا اسلام آباد پہلے کہاں ویکسینیشن مکمل ہوتی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ تفریحی پارکوں کو محدود تعداد کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔