• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر ملکی کرکٹرز پاکستان سپر لیگ میں بھرپور کارکردگی کیلئے پرعزم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچوں میں حصہ لینے والے غیر ملکی کر کٹرز بھی مقابلوں کیلئےپر جوش اور عمدہ کار کردگی دکھانے کا دعوی کررہے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ متعدد رکاوٹوں اور حالیہ چیلنجز کے باوجود ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا منعقد ہونا کھلاڑیوں اور شائقین کرکٹ کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔وہ اس لیگ کا حصہ بننے اور یہاں اپنے پیدائشی شہر سے تعلق رکھنے والی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے پر بہت پرجوش ہیں ، وہ ٹیم یونائیٹڈ کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کے منتظر ہیں۔ ہمارے ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی کے امکا نات موجود ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےجانسن چارلس کا کہنا ہے کہایسے سال میں کہ جب آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی شیڈول ہے ، ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے یہ بقیہ میچز تمام کھلاڑیوں کو یہاں اسکواڈز کے ساتھ موجود معیاری کوچز اور مینٹورز کی زیرنگرانی اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع بھی فراہم کررہے ہیں۔کراچی کنگز کے کھلاڑی مارٹن گپٹل نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ بن رہے ہیں، وہ لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کی نمائندگی کے لیے پرجوش ہیں۔ عماد وسیم اچھے کپتان ہیں،میں ٹاپ آرڈر میں بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ کا منتظر ہوں ۔شرجیل خان اور محمد عامر جیسے ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کی موجودگی میں کراچی کنگز سے ٹائٹل کے کامیاب دفاع کی امید ہے۔لاہور قلندرز کے کر کٹر جیمز فالکنر کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت کے منتظر ہیں،لاہور قلندرز میں شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان جیسے باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں۔ پشاور زلمی کےفیڈل ایڈورڈز کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے بارے میں بہت سی اچھی باتیں سنی ہیں ، چھٹے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کیلئے بہت پرجوش ہیں۔ آندرے رسل کا کہنا ہے کہ سپر لیگایسا ٹورنامنٹ ہے جہاں بننے والی دوستیاں ایک طویل عرصہ قائم رہتی ہیں۔ پی ایس ایل ایک فیملی کی طرح ہر آنے والے کو خوش آمدید کہتی ہے۔ وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل اپنے ساتھیوں کو جلد جوائن کرنے کے منتظر ہیں،پرپل فورس کپتان سرفراز احمد کی زیرقیادت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

تازہ ترین