اسلام آباد (نمائند ہ جنگ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہےکہ کاروباری طبقہ مطلوبہ ہدف تک ویکسین لگوانے میں تعاون کرے تو حکومت کاروبار پر تمام پابندیاں ختم کرنے کو تیار ہے،حکومت ہفتے میں 24 گھنٹے کاروبار جاری رکھنے کی خواہاں ہے تا کہ معیشت مزید بہتر ہو ،زیادہ نقصان اٹھانے والے سیکٹرزکیلئے خصوصی ریلیف پیکیج پرکام کررہے ہیں، امید ہے، عیدالاضحیٰ پرمارکیٹس بندنہیں ہونگی،ملک کی بہتری کیلئے اچھے فیصلے کر رہے ،جی ڈی پی گروتھ پر طوفان برپا ہوا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے آخری سال تک معاشی ترقی کی شرح 5.8فیصد سے تجاوز کرجائے گی۔ اسلام آبادچیمبرزآف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران جن سیکٹرز نے تکلیف برداشت کی ان کیلئےپیکیج کی تجویز وزیر خزانہ نے منظور کرلی ہے۔ وزارت صنعت کے حکام پیکیج پرکام کررہے ہیں۔