• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین پیسوں کے عوض گھروں میں جاکر لگانے کا انکشاف

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) کراچی کے ضلع وسطی میں سائنو فارم ویکسین مبینہ طور پر پیسوں کے عوض گھروں میں جاکر لگانے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف کووڈ -19 ویکسی نیشن سینٹر ضلع وسطی کی فوکل پرسن ڈاکٹر حرا ظہیر نے کیا ۔ انہوں نے سیکریٹری صحت سندھ کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ ضلع وسطی میں سائنو فارم ویکسین کا غیر منصفانہ استعمال کیا جارہا ہے اور آفس اسسٹنٹ آفاق الدین اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے ویکسین گھروں میں لگواکر پیسے وصول کر رہے ہیں ۔ انہوں نےشکایت کےہمراہ تین کم عمر افرا د کے کووڈ -19 ویکسین رجسٹریشن پروفارما سی وی فارم 1 بھی منسلک کیے ہیں جنہیں ایک روز قبل گھروں میں ویکسین لگائی گئی ۔ انہوں نے سیکریٹری صحت سے اس معاملے کا نوٹس لینے کی درخواست کی ہے ۔ جنگ کے رابطہ کرنے پر ڈاکٹر حرا ظہیر نے بتایا کہ یہ سلسلہ کافی عرصہ سے جاری ہے اور اٹھا رہ ، انیس او ر بیس سال کی عمر کے افراد کو اسسٹنٹ آفس ، اسٹور روم اور گھروں میں چھپا کر سائنو فارم لگائی جارہی ہے جس پر انہو ں نےآفس اسسٹنٹ کو متعدد بار منع کیا لیکن وہ باز نہیں آئے ۔

تازہ ترین