• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTIMF بجٹ کی منظوری روکنے کیلئے پورا زور لگائینگے، بلاول بھٹو


کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عوام دشمن بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کو ناکام بنائینگے، عوام دشمن حکومت عوام دوست بجٹ نہیں بناسکتی،عوام پی ٹی آئی کے کرتوتوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں،ہر پاکستانی کو مقروض کرکے معاشی ترقی کے گن گانا زخموں پر نمک چھڑکنے جیسا ہے۔ 

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام دشمن پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کو ناکام بنائیں گے آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازمین کی جانب سے بنائے گئے بجٹ کی منظوری پاکستان کی خود داری پر ایک حملہ ہوگا، پاکستان پیپلزپارٹی ملکی معاشی بقا کی خاطر پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی منظوری روکنے کیلئے جدوجہد کریگی۔ 

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر بجٹ سے پہلے عمران خان اعلان کرتے ہیں کہ یہ سال ترقی کا ہوگا اور پھر معاشی تباہی کا سلسلہ جاری رہتا ہے،بھاری بھرکم ٹیکسوں کے ذریعے عام آدمی کی جیبوں سے پیسہ نکال کر خزانہ بھرنے کا دعوی کارنامہ نہیں بلکہ شرم کی بات ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سخت شرائط پر لیے گئے قرضوں اور ناقابل برداشت ٹیکسوں سے خزانہ بھرنے کا دعوی معاشی ترقی نہیں کہلاتا، ملک کے عام آدمی کے پاس مہنگی دوا خریدنے تک کے پیسے نہیں ہیں تو وہ خزانہ بھرنے کے عمران خان کے دعوں کا آخر کیا کرے گا، دنیا کی مہذب ریاستوں میں معاشی ترقی کا صرف ایک پیمانہ ہے کہ عام آدمی کی زندگی خوشحال ہو۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کا ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کا مقروض کرکے معاشی ترقی کے گن گانا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے جیسا ہے، عمران خان کا ہدف عام آدمی سے بھاری بھرکم ٹیکس وصول کرکے خزانہ بھرنا اور اپنے امیر دوستوں کو اس خزانے سے ایمنسٹی اسکیمیں دینا ہے۔

پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیاں عوام دوست نہیں بلکہ چند سرمایہ داروں کے مفادات کے گرد گھومتی ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی وہ واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی معاشی پالیسیاں عوام کے مفادات کی ترجمانی کرتی ہیں۔

تازہ ترین