کراچی(ٹی وی رپورٹ)معروف قانون دان اور پا کستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ان کا پہلے دن سے ہی مو قف ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے راستے علیحدہ ہیں ۔ انہوں نے ن لیگ کو 1985کی نرسری قرار دیا ، ان کا کسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔وہ اس طرح منتخب ہو ئے جس طرح انہیں منتخب کروانے کی خواہش تھی ،تمام افراد پہلے سے ہی منتخب شدہ تھے ۔ سب جانتے ہیں نواز شریف سیاست میں کس طرح آئے تھے ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر ان ارکان کے لیے ابھی سیٹی بجا دی جائے تو وہ چلے جائیں گے ۔ رہنما پا کستان پیپلز پارٹی نے شاہد خاقان عباسی کے حا لیہ دنوں میں دیے گئے انٹرویو پر تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ سا بق وزیراعظم شاہد خاقان سے جب پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کا پو چھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اشارہ پر عدم اعتماد کی تحریک پاس ہو سکتی ہے ۔ اعتزاز احسن نے سوال اٹھا یا کہ پی ایم ایل این کو اشارے کیوں آ رہے ہیں ۔