اسلام آباد( نمائندہ جنگ)سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نےا سلام آباد میں طلباء اور پشاور میں اساتذہ اور یونیورسٹی ملازمین کے خلاف پولیس کارروائی کی مذمت کی ہے اورکہا کہ طلباء دانشوروں اور یونیورسٹی کے اساتذہ کے خلاف کریک ڈاؤن مبینہ فاشسٹ ریاست کی علامت ہے ۔ یہ وہ فاشسٹ ریاست ہے جو اختلاف برداشت نہیں کر سکتی،یہ اقدامات وفاق کو کمزور کرنے کے مترادف ہیں اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ یونیورسٹی اکیڈامک اسٹاف ایسو سی ایشن خیبر پختونخوا کے مطالبات جائز ہیں ۔ پشاور میں لاٹھی چارج ، ایف آئی آر کا اندراج اور 21 اساتذہ کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ ان کو فوری طور پر رہا کرکے کیسز ختم کیے جائیں ۔ اسلام آباد میں طلباء پر لاٹھی چارج کیا گیا، ان کو گرفتار کیا گیا ، پولیس نے ان کے موٹر سائیکل چھین لئے ۔ اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں، طلبہ پرکیسز ختم کرکے انھیں رہا کیا جائے ۔ موجودہ حکومت میں طلباء اور تعلیمی عملی کے خلاف کاروائی نئی بات نہیں ۔ لاہور میں طلباء پر انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ۔ یہ تعلیمی آزادی کو محدود اور سلب کرنے کی کوشش ہے۔