• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور ، محکمہ خوراک کی گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں،21 گرفتار

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 21 افراد کو گرفتار کرلیا۔ صوبائی وزیر خوراک محمد عاطف خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے ورسک روڈ اور حیات آباد کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 21 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں جنرل سٹور مالکان‘ قصائی اور نانبائی شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان اپنی دکانوں میں نمایاں جگہوں پر سرکاری نرخنامے آویزاں کریں اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
تازہ ترین