پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما خورشید شاہ کے بیٹے رکنِ سندھ اسمبلی فرخ شاہ کے وکیل فاروق ایچ نائیک فوڈ پوائزننگ کا شکار ہو گئے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما خورشید شاہ کے بیٹے رکنِ سندھ اسمبلی فرخ شاہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کے کیس کی سماعت کے موقع پر معاون وکیل نے عدالتِ عظمیٰ کو بتایا کہ وکیل فاروق ایچ نائیک کو فوڈ پوائزننگ ہو گئی ہے۔
معاون وکیل نے بتایا کہ فاروق نائیک نے درخواست کی ہے کہ فرخ شاہ کا معاملہ بھی دیگر مقدمات کے ساتھ ہی لگایا جائے۔
سپریم کورٹ کے جسٹس سردار طارق نے کہا کہ ہم نے فاروق نائیک کو بتا دیا تھا کہ وہ ضمانت منسوخی ہے اور یہ عبوری ضمانت ہے، کیا فرخ شاہ عدالت میں آج موجود ہیں؟
جسٹس مشیر عالم نے ہدایت کی کہ فرخ شاہ کی درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت پیر تک ملتوی کر رہے ہیں، فاروق ایچ نائیک پیر تک پیش ہوں یا فرخ شاہ متبادل وکیل کریں۔
عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے فرخ شاہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔